نعیم اختر نے پردھان منتری گرام سڑک یوجنہ کے اول تادس مراحل کاجائزہ لیا انجینئروں کوپروجیکٹوں کو معیاد بند مدت کے اندر مکمل کرانے کیلئے مشن موڑ پر کام کرنے کی تاکید

اڑان نیوز
جموں//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے انجینئروں سے کہا ہے کہ وہ مشن موڑ کے تحت کام کر کے ہاتھ میں پروجیکٹوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل کو یقینی بنائیں۔وزیر نے یہ ہدایات ریاست میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے پہلے سے لے کر دسویں مرحلے تک جاری اور التوا میں پڑے پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کی غرض سے منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے دی۔کمشنر سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی سنجیو ورما ، چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی جموں ایس پی منہاس ، چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی کشمیر شوکت جیلانی پنڈت کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔وزیر کو اس موقعہ پر جانکاری دی گئی کہ پہلے سے دسویں مرحلے تک1536سکمیں مکمل کی جاچکی ہیںجن کے دائرے میں 1208.83کلومیٹر لمبی سڑکیں آتی ہیںاور ان پروجیکٹوں کی تکمیل کے لئے 955.62کروڑ روپے منظور کئے گئے ۔انہیں بتایا گیا کہ پی ایم جی ایس وائی کے گیارہوں مرحلے کے تحت 815نئی سکیمیں منظوری کے لئے مرکزی سرکار کو بھیج دئیے گئے ہیں۔وزیر نے راجوری ، پونچھ ، ماہور ، رام نگر ، ریاسی اور چناب خطے کے دیگر دور دراز علاقوں میں ہاٹ مکس پلانٹس کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ ان علاقوں میں اس طرح کے پلانٹ قائم کرنے کے لئے ٹھیکداروں کی حوصلہ افزائی کریں۔ جس کے لئے متعلقہ ضلع انتظامیہ ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔