جمبو چڑیا گھر سیاحوں کیلئے ایک اہم مرکزی کے طور پر اُبھر کر آئے گا وزیر جنگلات لال سنگھ نے نگروٹہ میں بڑی شجر کاری مہم کا آغاز کیا

اڑان نیوز
جموں/ /جنگلات وماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے کل ٹرانسپورٹ کے وزیر مملکت کی موجود گی میں جمبو چڑیا گھر میں بڑی شجر کاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ یہ چڑیا گھر سیاحوں کی دلچسپی کے ایک مرکز کے طور پر اُبھر آئے گا۔ا س موقعہ پر جنگلات اور دیگر منسلک محکموں کے افسروں اور ملازمین نے لگ بھگ 25ہزار آرائشی اور ثمر دار پودے لگائے۔پی سی سی جنگلات روی کیسر، چیف وائیلڈلائف وارڈن منوج پنت ، چیئرمین پولیوشن کنٹرول بورڈ بی سدھارتا کے علاوہ متعلقہ محکمہ کے کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔لال سنگھ نے کہاکہ ماحولیاتی تواز ن کو برقرار رکھنے کے لئے لوگو ں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں پودے لگانے چاہیئے۔انہوںنے کہا کہ حکومت جنگلات اور ماحولیات کو تحفظ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سکولوں ، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں سبزہ زاروں کو بڑھاوا دینے کی طرف بھی توجہ دے رہی ہے تاکہ ان کو جاذب نظر بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے گرد نواح کو صاف ستھرا رکھا جاسکے ۔بعد میں انہوں نے چڑیا گھر میں ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی کاموں کابھی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایشیا چڑیا گھر کی طرز پر جمبو چڑیا گھر کو بڑھاوا دینے کے لئے 121کروڑ روپے مہیا کئے ہیں۔اس موقعہ پر ٹرانسپور ٹ کے وزیر مملکت سنیل کمار شرما نے کہا کہ ریاست میں تباہ شدہ جنگلات کو بحال کرنے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئیں تاکہ ماحولیات کو برقرار رکھا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ریاستی عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی بہتر بنانے کے لئے کئی اختراعی اقدامات کر رہی ہے۔