کنٹرول لائن پر گولہ باری جاری ،نو شہرہ سیکٹر میں خاتون جاں بحق

عامر سہیل قاضی+طارق خان
منجا کوٹ +بالاکوٹ// ضلع راجوری میں کنٹرول لائن پر نوشہرہ سیکٹر میں گزشتہ دیر شام شروع ہوئے گولہ باری کے تبادلہ کے دوران ایک خاتون جاں بحق ہو گئی جب کہ اتوار کو بھی بھمبر گلی اور نوشہرہ سیکٹروں میں یہ سلسلہ جاری رہا ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیان شب نوشہرہ سیکٹر کے پوکھرنی علاقہ میں پاکستانی و بھارتی افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا جس کے دوران 23سالہ پروین اختر زوجہ محمد مشتاق ساکنہ لاراںجاں بحق ہو گئی ۔ اتوار کی صبح ایک پھر بھمبر گلی ، منجاکوٹ اور نوشہرہ سیکٹروں میں گولہ باری کا تبادلہ روع ہوا جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا ۔ فوج کے ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج کی طرف سے کی جا رہی گولہ باری کا بھر پور جواب دیا جا رہا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر راجوری شاہد اقبال چوہدری نے ذ رائع ابلاغ کو بتایا کہ پاکستانی فوج نے بھمبر گلی سیکٹر کے نائیکا ، پنج گرائیں ، کھوڑی نار ، راجدھانی میں بھاری گولہ باری کی جس کے دوران کئی گولے بستیوں کے اندر آکر کر گرے جس سے ان علاقوں میں خوف و دہشت پھیل گئی ۔ محکمہ دفاع کے ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج نے صبح 8بجے بھمبر گلی سیکٹر میں کئی بھارتی چوکیوں اور بستیوں پر گولہ باری شروع کر دی جس کا اس طرف سے بھی جواب دیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ گولہ باری کا تبادلہ وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا ۔بالا کوٹ سیکٹر میں بھی صبح 11بج کر 40منٹ پر گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا ۔ فوج کے ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج نے ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ کرنے کے علاوہ 82اور 120ایم ایم کے مارٹر بھی داغے ۔ ذرائع نے بتایا کہ گولہ باری کا تبادلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا جس کے دوران کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے ۔