’اکبر لون نے غلط نعرہ لگایا ‘ ہم پاکستانی نہیں بلکہ بھارت کا حصہ: فاروق عبداللہ

یو این آئی
جموں//نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اُن کی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق اسمبلی اسپیکر محمد اکبر لون نے ایک غلط نعرہ لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی نہیں بلکہ بھارت کا حصہ ہیں۔ واضح رہے کہ نیشنل کانفرنس سینئر لیڈر لون نے ہفتہ کے روز قانون ساز اسمبلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اراکین کی پاکستان مخالف نعرے بازی کا جواب ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگاکر دیا تھا۔ تاہم نیشنل کانفرنس نے لون کے ’پاکستان حامی نعرے‘ سے اپنے آپ کو فوراً الگ کردیا تھا۔ فاروق عبداللہ نے اتوار کو یہاں ایک تقریب کے حاشئے پر ایک نیوز پورٹل سے بات کرتے ہوئے کہا ’انہوں نے (مسٹر لون نے) غلط نعرہ لگایا ہے۔ ہم لوگ پاکستانی نہیں ہیں۔ ہم بھارت کا ہی حصہ ہیں‘۔ نیشنل کانفرنس صدر نے ریاست کی موجودہ صورتحال کو پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا ’ریاست کے موجودہ حالات بہت خراب ہیں۔ وہاں (پاکستان) سے جنگجو دراندازی کررہے ہیں۔ سرحدوں پر گولیاں چل رہی ہیں۔ میں نے سنا ہے کہ میزائل بھی چلائے گئے ہیں۔ یہاں سے بھی ہم لوگ چلا رہے ہیں۔ جب تک کوئی راستہ نہیں نکالا جاتا ہے تب تک یہاں امن نہیں آئے گا۔ دونوں مرکزی اور ریاستی حکومت کو کوشش کرنی پڑے گی‘۔ سرحدی آبادی کو درپیش مشکلات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں فاروق عبداللہ نے کہا ’بہت وقت سے یہ لوگ (حکمران) کہہ رہے ہیں کہ ہم بنکر بنائیں گے۔ جب حملے شروع ہوجاتے ہیں تو یہ سوچتے ہیں کہ بنکر بنائیں گے۔ حملے بند ہوتے ہیں تو بنکر بنانے کا سلسلہ بند ہوجاتا ہے۔ یہ کہتے بہت ہیں مگر عملی طور پر کچھ بھی نہیں کرتے ہیں۔ ہمیں امن کے لئے کوشش اور دعا کرنی چاہیے۔ اس ریاست میں بھی امن آنا چاہیے‘۔ واضح رہے کہ نیشنل کانفرنس لیڈر اکبر لون نے ہفتہ کو اسمبلی میں بی جے پی اراکین کی پاکستان مخالف نعرے بازی کا جواب ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے سے دیا۔ مسٹر لون نے بعد ازاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں نے دانستہ طور پر ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگایا اور وہ اپنے الفاظ واپس نہیں لیتے ہیں۔ تاہم نیشنل کانفرنس نے اکبر لون کے ’پاکستان حامی نعرے‘ سے اپنے آپ کو فوراً الگ کردیا تھا۔ نیشنل کانفرنس ترجمان جنید عظیم متو نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا ’میں نے ابھی پارٹی صدر ڈاکٹر فارق عبداللہ صاحب سے بات کی۔ فاروق صاحب اور پوری پارٹی کا موقف ہے کہ این سی ممبر اسمبلی سوناواری مسٹر اکبر لون نے قانون ساز اسمبلی میں غیرضروری نعرے بازی کی ہے۔ یہ نعرے پارٹی کو ناقابل قبول ہیں‘۔ انہوں نے کہا تھا ’نیشنل کانفرنس صدر نے کہا ہے کہ این سی ممبر اسمبلی کو نہیں بھولنا چاہیے کہ وہ اس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں جس نے دو قومی نظریہ کو مسترد کیا تھا۔ پارٹی ان کے ریمارکس کی مذمت کرتی ہے‘۔ سابق وزیر اعلیٰ و نیشنل کانفرنس کارگذار صدر عمر عبداللہ نے کہا تھا کہ وہ پارٹی صدر کے خیالات کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا ’پارٹی معاملے پر مزید کچھ نہیں کہے گی‘۔