پونچھ سیکٹر میں گولہ باری

پرتپال سنگھ
پونچھ // پونچھ میں کنٹرول لائن پر ہفتہ کے روز بھی پاکستانی و بھارتی فوج کے درمیان گولہ باری کاتبادلہ ہوا تاہم ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے ۔ یہاں پر سرکاری ذرائع نے تایا کہ پاکستان نے پونچھ کے ، گل پورکھڑی کر ماڑہ علاقہ میں بھارتی ہر اول چوکیوں پر صبح 11بجے گولہ باری شروع کر دی ۔ ذرائع نے بتایا کہ کئی گولے رہائشی بستیوں میں بھی گرے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ اس کے علاوہ چکاں دا باغ علاقہ میں بھی فائرنگ کی گئی ۔ فوجی ذرائع کے مطابق پاکستانی گولہ باری حسبِ معمول بلا اشتعال شروع ہو ئی جس کا اس طرف سے بھی بھر پور جواب دیا گیا ۔ قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ جمعرات کو ضلع کے مینڈھر سب ڈویژن میں کرشنا گھاٹی سیکٹر میں ہو ئے گولہ باری کے تبادلہ کے دوران بلونی گاؤں کی ایک خاتون جاں بحق ہو گئی تھی ۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال ابھی تک کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر گولہ باری کے واقعات کے دوران 10فوجی اہلکاراور 8عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 75زخمی ہو ئے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ اس دوران لاکھوں روپے کی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔