حدِ متارکہ گولہ باری میں 3 فوجی اہلکار زخمی

اڑان رپورٹر
مینڈھر// کنٹرول لائن پر کرشنا گھاٹی سیکٹر میں پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں فوج کے تین اہلکار زخمی ہوگئے ۔ فائرنگ کا یہ کا واقعہ گذشتہ شام دیر گئے پیش آیا۔ اس سے قبل پاکستانی فائرنگ کے نتیجے میں ایک 45 سالہ خاتون زینب بی جاں بحق ہوئی تھی ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے گذشتہ شام دیر گئے پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بناکر شدید فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے دو اہلکاروں کو خصوصی علاج ومعالجہ کے لئے ائرلفٹ کرکے ضلع اسپتال ادھم پور منتقل کیا گیا ہے۔ ذرائع نے زخمیوں فوجیوں کی شناخت حوالدار بلبیر سنگھ ، حوالدار لکھویندر سنگھ اور لانس نائیک چرنجیت سنگھ کے بطور کی ہے۔ جمعرات سہ پہر گولہ باری کے نتیجہ میں 45 سالہ خاتون زینب بی زوجہ نذیر حسین ساکنہ نارہ بلنوئی جاں بحق ہوئی تھی۔آخری اطلاعات ملنے تک رک رک کر گولہ باری کا سلسلہ جاری تھا ۔