شاہراہ پر بیٹری چشمہ میں پسی گر آنے سے آمد ورفت تین گھنٹے معطل ٹریفک جام کے باعث مسافروں کو گذشتہ دو روز سے شدید مشکلات کا سامنا

دانش وانی
بانہال // جموں، سرینگر شاہراہ پر چار گلیارہ تعمیر پر جاری کام کی وجہ سے گزشتہ کچھ عرصہ سے مسلسل پسیاں گر آ رہی ہیں جس کی وجہ سے آمد ورفت کئی گھنٹے معطل ہو جاتی ہے ۔ منگل وار کو رام سو میں بھاری پسی گر آنے کی وجہ سے 9گھنٹے تک ٹریفک معطل رہا تھا اور ہزاروں مسافر پ دن بھر درماندہ رہے تھے ۔ بدھ وار کو بیٹری چشمہ کے انوکھی فال کے مقام پر پہاڑی سے ملبہ و چٹانیں گر آنے سے ایک بار پھر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمد و رفت مسدود ہوگئی اور تقریباً اڑھائی گھنٹے کے بعد اسے بحال کیا جا سکا ۔ ذرائع کے مطابق بدھ وار کی صبح 10 بجے کے قریب
بیٹری چشمہ کے انوکھی فال مقام پر بھاری پسی گر آئی جس کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت مسدود ہو کر رہ گئی ۔ چار گلیارہ توسیع کے کام پر مامور تعمیراتی کمپنی نے مشینری اور مزدور لگا کر پسی ہٹانے کا کام شروع کر دیا ۔ قریب اڑھائی گھنٹے کی کوشش کے بعد شاہراہ کو دوبارہ بحال کیا جا سکا ۔شاہراہ کے بند ہونے کے باعث دونوں طرف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی اور جب بعد دوپہر ساڑھے 12بجے کے قریب ٹریفک بحال ہوا تو شاہراہ پر شدید ٹریفک جام لگ گیا ۔ ٹریفک اور سول پولیس کو ٹریفک کو رواں کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ۔ جام کے باعث ٹریفک حکام نے اودہم پور میں مال بردار اور کچھ مسافر گاڑیوں کو روک دیا جب کہ بانہال ریلوے سٹیشن پر بھی گاڑیوں کو روک کر جموں کی طرف نہیں جانے دیا گیا ۔ ٹریفک حکام نے شاہراہ کے بحال ہونے کے بعد پہلے درماندہ گاڑیوں کو ان کی منزلوں کی طرف نکالا جس کے بعد اودہم پور اور بانہال میں روکی گئی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی ۔ شاہراہ بند ہونے اور اس کی بحالی کے بعد لگنے والے ٹریفک جام کے باعث کئی مسافروں ، مقامی سرکاری ملازمین اور عام لوگوں کو اپنے گھروں کو واپس لوٹنا پڑا ۔