دنیشور شرما کا خطہ پیر پنچال کا دورہ اختتام پذیر راجوری میں 17وفود سے ملے ، نوشہرہ میں سرحدی متاثرین کے کیمپ کا دورہ کیا

جمشید ملک
راجوری // مرکزی نمائندے دنیشور شرما نے اپنے خطہ پیر پنچال کے دورہ کے دوسرے روز راجوری میں متعدد وفود سے ملاقات کی اور ان سے مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوﺅں پر بات چیت کی ۔ ذرائع کے مطابق دنیشور شرما بدھ وار دن کے 11بجے راجوری ڈاک بنگلہ پہنچے جہاں ان کے ساتھ قریب 17وفود نے ملاقات کی جن میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں و طلبا کے وفود شامل تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ جہاں مختلف وفود نے مسئلہ کشمیر کے تعلق سے اپنی آرا¿ مرکزی نمائندے کو پیش کیں ، وہیں انہوں نے مقامی مسائل بھی اٹھائے اور خطہ کی تعمیر و ترقی کے شعبہ میں پچھڑے ہونے کی شکایت کی ۔ گو جر ، بکروال طبقہ کے وفد نے جموں صوبہ کے مختلف علاقہ میں ہونے والے حملوں ، جنگلوں سے جبر ی بے دخلی اور غیر قانونی قبضے چھڑانے کے نام پر یک طرفہ کارروائی کا معاملہ اٹھایا ۔ پہاڑی وفد نے طبقہ کو شیڈولڈ ٹرائب قرار دینے اور ریزرویشن دینے کا مطالبہ اٹھایا۔ اس کے علاوہ بھارتیہ جنتا پارٹی ، یوتھ کانگریس ، ایس سی ایس ٹی ایمپلائز ایسو سی ایشن ،اور سرحدی علاقوں پر رہائش رکھنے والا وفد بھی دنیشور شرمام سے ملاقی ہوا اور اپنے مطالبات و خیالات سے آگاہ کیا ۔ راجور ی میں وفود سے ملنے کے بعد دنیشور شرما نوشہرہ پہنچے جہاں وہ گزشتہ سال اور حالیہ گولہ باری کے بعد کنٹرول لائن سے منتقل ہو کر کیمپ میں رہ رہے لوگوں سے ملے ۔ گولہ باری متاثرین نے مرکزی مذاکرات کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا اور نقصان کے معاوضے اور مستقل با زآد کاری کا مطالبہ کیا ۔