درابونے ریاست کا80فیصددیہات نظراندازکردئیے:سروڑی ڈوڈہ، کشتواڑ، راجوری ، پونچھ کیلئے ریلوے لائن کامطالبہ،چناب خطہ کیلئے پہاڑی ترقیاتی کونسل کی وکالت

اڑان نیوز
جموں//رکن اسمبلی اندروال غلام محمد سروڑی نے بجٹ کوشاہی قرار دیتے ہوئے کہاکہ ریاست کا80فیصد دیہی علاقہ یکسرنظراندازکردیاگیاہے جبکہ محض20فیصد آبادی کو فائدہ پہنچانے والابجٹ تیارکیاگیاہے جن میں بااثرشخصیات، صنعتکار اوربڑے تاجرقابل ذکرہیں۔آج یہاں ایوانِ زیریں میں بجٹ پہ بحث میں حصہ لیتے ہوئے غلام محمد سروڑی نے کہاکہ وزیرخزانہ نے شاہی بجٹ پیش کیا۔اُنہوں نے کہاکہ سرحدی اضلاع اور دورافتادہ علاقوں تک وزیرخزانہ کی نگاہیں نہ پہنچ پائی ہیں۔سروڑی نیکہا’’ وزیرخزانہ ’ڈیجیٹل انڈیا‘کی بات کرتے ہیں لیکن میرے اسمبلی حلقہ انتخاب میں موبائل فون ٹاورہی نہیں ہیں توکیسے آپ کاڈیجیٹل انڈیامجھے فائدہ پہنچاسکتاہے؟‘‘۔سروڑی نے کہاکہ دورافتادہ علاقہ جات مثلاً کرناہ، کیرن، گریز، ڈوڈہ وخطہ چناب کے دیگرعلاقوں کیلئے بجٹ میں پھوٹی کوڑی نہیں ہے۔سروڑی نے کہا’’کیاآپ کابجٹ ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کوکچھ دے رہاہے جہاں سڑک رابطہ محض20فیصد ہے؟‘‘۔سروڑی نے خطہ چناب کیلئے پہاڑی ترقیاتی کونسل کے قیام کامطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ناانصافی کاخاتمہ کرنے کیلئے کشتواڑ، ڈوڈہ اور رام بن اضلاع کیلئے ہل ڈیولپمنٹ کونسل کاقیام ناگزیرہے۔ اُنہوں نے کہاکہ ان اضلاع کی تعمیروترقی اورخوشحالی کیلئے پہاڑی ترقیاتی کونسل سے بہترکوئی متباد نہیں۔اُنہوں نے کہاکہ حکومت بجٹ کوحقیقت میں بدلنے میں یکسرناکام ثابت ہوئی ہے کیونکہ یہ وعدے وفانہیں کرپائے۔اُنہوں نے کہاکہ لوگوں میں مایوسی ہے۔سروڑی نے کہاکہ حکومت نے نظریاتی بجٹ پیش کیاہے جوٹریزری نظام کو ریاست سے ختم کرنے کی کوشش ہے۔سروڑی نے بھاجپالیڈران پرالزام عائدکیاکہ اُنہوںنے ریتلے پاورپروجیکٹ پہ کام ٹھپ کردیاہے۔رکن اسمبلی ڈوڈہ شکتی راج پریہار اور رکن اسمبلی بھدرواہ دلیپ پریہار نے اس موقع پرمداخلت کرتے ہوئے سروڑی کیساتھ تکرارکی۔عثمان مجید ودیگرکانگریس ارکان نے سروڑی کی حمایت آئے جبکہ آر ۔ایس۔پٹھانیہ ودیگربھاجپالیڈران نے الزمات کی مخالفت میں شوروگل کیا۔سروڑی نے نہ رکتے ہوئے درابوکے بجٹ کاپوسٹ مارٹم جاری رکھااورالزام عائدکیاکہ بیکورڈایریاڈیولپمنٹ فنڈ ڈپٹی کمشنرڈوڈہ نے بھاجپارکن اسمبلی کے کہنے پرتبدیل کردی۔سروڑی نے کہا’’یہ رقم دورافتادہ اورپسماندہ علاقوں کی تعمیروترقی کیلئے تھی لیکن اِسے تبدیل ومنتقل کرتے ہوئے سٹیڈیم کی تعمیرکیلئے لگایاگیاجو لوگوں کے کسی کام کانہیں،لوگ انتہائی غریبی کی حالت میں زندگی بسرکررہے ہیں‘‘۔سروڑی نے خبردارکیاکہ حکمران جماعت کے ارکان اسمبلی کو ’اللہ ‘تمہیں کبھی معاف نہیں کرے گاجوغریب لوگوں کواُن کے حقوق سے محروم رکھے ہوئے ہیں اور تعمیروترقی کااُن کاحصہ چھین رہے ہیں۔سروڑی نے الزام عائدکیاکہ موجودہ حکومت کی ناکامی کے باعث ترقیاتی اسکیموں ومنصوبوں کی عمل آوری نہیں ہوپارہی ہے اورپاورسیکٹربری طرح متاثرہورہاہے۔ سروڑی نے کہاکہ ریتلے پاورپروجیکٹ کاکام توک دیاگیاہے۔ اس پربھاجپاسے رکن اسمبلی ڈوڈہ شکتی راج پریہاراپنی نشست پراُٹھ کھڑے ہوئے اورکہاکہ ریتلے پاورپروجیکٹ کی تعمیرسابقہ سرکارکے وقت میں رکی تھی۔اس پرسروڑی نے پلٹ وارکرتے ہوئے کہاکہ بھاجپالیڈران کی کمپنی حکام کیساتھ بندکمرے میں ہوئی میٹنگ کے بعد کام ٹھپ کردیاگیا۔سروڑی نے بھاجپاکاایک رکن اسمبلی اس میں کنٹریکٹرہے‘کی طرف اِشارہ کرتے ہوئے کہا’’میں پروجیکٹ پرکام روکنے میں آپ کے ملوث ہونے کے ثبوت پیش کرسکتاہوں،تحقیقات کاحکم دینے دیجئے، اگرغلط ثابت ہواتو میں معافی مانگوں گا’’۔سروڑی نے کہاکہ حکومت نے جی ایس ٹی کانفاذعمل میں لانے اور نوٹ بندی سے لوگوں میں افراتفری کاماحول پیداکیا۔سروڑی نے لکھنپور اور نگروٹہ میں ٹول ٹیکس ختم کرنے کی مانگ کی۔سروڑی نے کہاکہ بجٹ میں کشتواڑکے زعفران کاشتکاروں کوکوئی فائدہ نہیں دیاگیا۔سروڑی نے کہاکہ بجٹ میں کشتواڑ، ڈوڈہ اور راجوری ۔ پونچھ کوریلوے لائن کیساتھ جوڑنے کاکہیں ذکرنہیں کیاگیا۔سروڑی نے کہاکہ حکومت نے بجٹ میں انڈس واٹرٹریٹی پراپنے سابقہ وعدوں پربھی خاموشی اختیارکی ہے، محمود الرحمان کمیشن ، رنگاراجن کمیٹی اور صغیرکمیٹی رپورٹ کاکہیں کوئی ذکرنہیں۔اُنہوں نے کہاکہ بیڈپوکٹ منی ،کشتواڑضلع بشمول اندروال اسمبلی حلقہ پوری طرح نظراندازکیاگیاہے۔سروڑی نے کہاکہ ایجنڈاآف الائنس میں جووعدے کئے گئے ہیں اُن وعدوں نے اب تک دِن کااُجالانہیں دیکھاجبکہ اس کے بجائے حکومت دفعہ370اور35اے جیسے متازعہ معاملات میں الجھ کروقت گذاری کررہی ہے جبکہ پاورپروجیکٹ کانظام چلانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔سروڑی نے اخروٹ پرٹیکس معاف کرنے اور ملازمین کیلئے میڈی کلیم پالیسی اور دیگرملازمین دوست فیصلے لینے پرحکومت کومبارک باد دی۔اُنہوں نے پلوں کی تعمیر ودیگربنیادی ڈھانچے پر توجہ مرکوزکرنے پربھی اطمینان کااِظہارکیا۔تاہم سروڑی نے سدھ مہادیو اور سنگھ پورہ۔وائیلو ٹنلوں کی تعمیرپرزوردیتے ہوئے کہاکہ ان کیلئے رقوامات واگذار کی جائیں۔سروڑی نے دیہی علاقہ جات میں انٹرنیٹ سہولیات کی عدم دستیابی پرفکرمندی کااِظہارکرتے ہوئے کہا ڈیجیٹل پین انڈیاکی تعمیرکیلئے ان علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات مہیاکرانے کیلئے اقدامات اُٹھائے جانے چاہئے۔سروڑی نے دیہی علاقوں میں تعمیروترقی کووسعت دینے کیلئے مزیراقدامات اُٹھانے کی ضرورت پرزوردیا۔سروڑی نے اپنے حلقہ انتخاب میں سڑکوں کی تعمیر وتار کول بچھانے کے کاموں میں سرعت کی مانگ کی۔سروڑی نے عارضی ملازمین کی مستقلی پرحکومت کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ آنگن واڑی اورآشاورکروں کے مطالبات بھی پورے کئے جائیں اورانہیں بھی مستقلی کے فوائد دئیے جائیں۔