کنٹرول لائن پر گولہ باری کا تبادلہ سندر بنی سیکٹر میں اہلکار ہلاک پونچھ حدِ متارکہ پر کھیتوں میں پڑے بم سے کھیلتے ہوئے کم عمر لڑکا شدید زخمی

جمشید ملک +پرتپال سنگھ
راجوری +پونچھ // کنٹرول لائن پر ضلع راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں ہفتہ کے روز بھارتی اور پاکستانی فوج کے مابین گولہ باری کے تبادلہ کے دوران ایک فوجی اہلکار ہلاک ہو گیا ۔ محکمہ دفاع کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے ہفتہ کے سہ پہر 4بجے کے قریب بھارتی چوکیوں ر بلا اشتعال گولہ باری شروع کر دی جس کا اس طرف سے بھرپور جواب دیا گیا ۔ تاہم اس دوران ایک اہلکار شدید زخمی ہو گیا جسے اگر چہ نزدیکی ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا ۔ اس کی شناخت لانس نائیک یوگیش مرلی دھربھڈانے کے طور پر ہوئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ 28 سالہ مرلی دھر بھڈانے ریاست مہاراشٹر کے ضلع دھولے گائوں کھلانے کا رہنے والا تھا اور پسماندگان میں اہلیہ ہے ۔ آخری اطلاعات ملنے تک گولہ باری کا تبادلہ جا ری تھا ۔قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ 3جنوری کو بین الاقوامی سرحد پر سانبہ سیکٹر میں بارڈر سیکورٹی فورس کا ایک اہلکار اس وقت ہلاک ہو گیا تھا جب پاکستانی رینجرز کے ساتھ ان کا گولہ باری کا تبادلہ ہوا تھا ۔ اس کے دو روز بعد بی ایس ایف نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے بدلہ کی کا رروائی کرتے ہوئے رینجرز کی دو مارٹر پوزیشنیں تباہ کر دی تھیں ۔ دریں اثنا ضلع پونچھ میں کنٹرول لائن سے متصل شاہ پور علاقہ میں ہفتہ کے روز ایک کم عمر لڑکا اس وقت شدید زخمی ہو گیا جب وہاں پر پڑا ایک بم اس نے اٹھا لیا جو زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ صبح ساڑھے 11بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب محمد اقبال ولد محمد رشید ساکن اسلام آباد ، جو وہاں پر کھیتوں میں کھیل رہا تھا ، نے وہاں پر کوئی چیز پڑی ہو ئی دکھا کر جسے اٹھا کر وہ اسے چھیڑ چھاڑ کر نے لگا ۔اس دوران زور دار دھماکہ ہوا جس سے لڑکا شدید زخمی ہو گیا ۔ اسے فوری طور پر ضلع ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی تشویشناک حالت دیکھتے ہوئے گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں ے لئے ریفر کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق محمد اقبال کے دونوں ہاتھ اس دھماکہ میں اڑ چکے ہیں ۔ ڈپٹی ایس پی ہیڈکوارٹر پونچھ شاہد نعیم نے بتایا کہ یہ بم فوج اور پولیس کی نگاہوں میں نہیں آیا تھا اور آج جب اس بچے کو ملا تو اس نے اس کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی جس کے دوران وہ پھٹ گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ بم بظاہر اس علاقہ میں حالیہ گولہ باری کے تبادلہ کے دوران پاکستانی فوج کے طرف سے داغا گیا مارٹر شیل تھا جو پھٹنے سے رہ گیا تھا ۔