محبوبہ حکومت کی فلاحی اسکیمیں دیر پاامن کیلئے ثمر آور ثابت ہوں گیں:فردوس ٹاک

اڑان نیوز
کشتواڑ//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے فلاحی اقدامات کو انقلابی قرار دیتے ہوئے ایم ایل سی فردو س ٹاک نے کہاکہ اس سے ریاست کو خوشحال اور امن کے راستہ پر لانے میں بہت زیادہ مدد ملے گی۔ انہوں نے وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو کی طرف سے پیش کئے گئے مالی میزانیہ 2018-19کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ بجٹ پی ڈی پی۔ بی جے پی مخلوط حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے نوہزار نوجوانوں کو عام معافی کو بھی بہت بڑا قدم قرار دیا۔ان باتوں کا ذکر فردوس ٹاک نے ضلع کشتواڑ کے بلاک ناگسینی میں سلسلہ وار عوامی میٹنگوں سے خطاب کے دوران کیا۔ پارٹی لیڈران اشتیاق حسین وازہ، ارشد حسین گیری، حاجی محمد اقبال ، محمد سلیم شیخ، واسل ڈولوال، سجاد نجار، طارق حسین، محمد عمران، گلاب چند، راج کمار، کرشن لال ، سجاد احمد وغیرہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ فردوس ٹاک نے اپنے خطاب میں مرکزی نمائندہ دنیشو شرما کی تقرری، 60ہزار سے زائد عارضی ملازمین کی مستقلی، کامگاروں کی یومیہ اجرت میں اضافہ، کنسٹریکشن ورکروں کے لئے ’محافظ اسکیم‘کا بھی تفصیلی ذکر کیا۔ انہوں نے پارٹی ورکروں سے کہاکہ وہ مجوزہ پنچایتی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے سرگرم ہوجائیں اور لوگوں تک پی ڈی پی۔ بی جے پی حکومت کی اہم پالیسیاں پہنچائیں۔