نوجوان خور روز گار سکیموں سے استفادہ کرکے باعزت روز گار حاصل کریں: لال سنگھ

جموں//جنگلات وماحولیات کے وزیر چودھری لال سنگھ نے بے روز گار نوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ سرکاری نوکریوں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے خود روز گار سکیموں سے استفادہ کر کے باعزت روزگار حاصل کریں۔وزیر موصوف آج کنجوانی میں چسکا لائیو فوڈ ریسٹورینٹ کے افتتاح کے موقعہ پر ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وزیر موصوف نے کہا کہ موجودہ بے روز گاری کے مسئلے سے نپٹنے کے لئے خود روز گار کمانے کے طریقے بہت کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں اور اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے چلائی جارہی خود روز گار سکیمیں بے روز گار نوجوانوں کو بہت حد تک فائدے دے سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے وی آئی بی کے ذریعے چھوٹے اور بڑے پیمانے کے کارخانے قائم کرنے کے لئے حکومت بے روز گار نوجوانوں کو آسان قرضے فراہم کر رہی ہے۔وزیر نے متعلقہ افسروں سے تاکید کی کہ وہ باقاعدہ طور پر روز گار سکیموں کی تشہیر کریں تا کہ نوجوان ان سکیموں سے استفادہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں ایمپلائمنٹ میلے منعقد کئے جارہے ہیں بلکہ کونسلنگ مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں تا کہ نوجوانوں کو روز گار سے متعلق ا طلاعات فراہم کی جاسکیں۔