پی ڈی پی ، بی جے پی اتحاد نے لوگوں کو کافی زخم دئے ہیں پنچایتی انتخابات میںکانگریس کامیابیوں کے جھنڈے گاڈے گی :میر

اڑان نیوز
جموں//پنچایت الیکشن میں پی ڈی پی ، بی جے پی اتحاد کو شکست سے دوچار کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے ریاستی کانگریس صدر نے کہاکہ پارٹی انتخابات کیلئے تیار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ریاستی حکومت نے پنچایت راج ایکٹ کو کمزور کیا ہے تاہم اس کے باوجود بھی کانگریس الیکشن میں کامیابیوں کے جھنڈے گارڈ دے گی ۔ جموں میں کانگریس پارٹی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی کانگریس صدر غلام احمد میر نے کہاکہ پنچایت الیکشن میں پی ڈی پی ، بی جے پی اتحاد کو شکست سے دوچار کرنے کیلئے پارٹی نے تمام تیاریوں کو آخری شکل دی ہے۔ انہوںنے ورکروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی اور پی ڈی پی کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کا وقت آگیا ہے کیونکہ پچھلے تین سال کے دوران مخلوط حکومت نے لوگوں کو صرف زخم دئے ہیں مرہم کرنا تو دور کی بات ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے پنچایت راج ایکٹ کو کمزور کیا ہے ۔ پی سی سی چیف کے مطابق پی ڈی پی نے کشمیر وادی کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے کہ لوگوں سے کئے گئے وعدؤں کو اب تک عملی جامہ نہیں پہنایا گیا ہے۔ کانگریس صدر کے مطابق آر ایس ایس کو ریاست میں پیر جمانے کا موقع فراہم کرنے والی پی ڈی پی سرکار کو اب لوگوں کے غیض وغضب کا سامنا کرناپڑے گا کیونکہ جب سے پی ڈی پی نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا تب سے عام شہریوں کی جانیں ضائع ہو رہی ہیں اور حکومت صرف تحقیقاتی کمیٹیاں تشکیل دے کر فائل کو داخل دفتر کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتی ہے۔ کانگریس صدر کے مطابق ریاست خاص کرو ادی کشمیر میں حالات دن بدن بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں اور حکومت میں شامل وزراءکو یہ دکھائی نہیں دے رہا ہے ۔