مکان گرنے سے ارناس میںجاں بحق افراد پرنم آنکھوں سے سپردِ لحد، علاقہ میں صفِ ماتم وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، امداد باہمی کے وزیر چھیرنگ دورجے سمیت متعدد سیاسی وسماجی شخصیات کا اظہار ِ دکھ

نیوزڈیسک
جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور امداد باہمی کے وزیر وضلع ترقیاتی بورڈ ریاسی کے چیئرمین چھیرنگ دورجے نے ریاسی میں گذشتہ روز مکان منہدم ہونے سے ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ وصدمے کا اظہار کیاہے۔محبوبہ مفتی نے ریاسی ضلع کے ارناس تحصیل میں کل ایک مکان گر جانے سے پانچ افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔وزیرا علیٰ نے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جان بحق ہوئے افراد کی ارواح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی۔محبوبہ مفتی نے جموں ڈویژنل انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اس حادثے میں زخمی ہوئے افراد ترجیحی بنیادوں پر ہر طرح کی طبی سہولیات بہم کرائیں۔ انہوں نے زخمیوں کی تیزی سے صحتیابی کے لئے دعا کی۔ وزیر برائے امداد باہمی و لداخی امور شیرنگ دورجے نے ریاسی ضلع کے ارناس تحصیل میں گذشتہ شب مکان منہدم ہونے کے حادثے میں پانچ افراد کی موت پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ ایک تعزیتی پیغام میں وزیر جو کہ ضلع ترقیاتی بورڈ کے چئیر مین بھی ہیں ، نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے جانبحق ہونے والوں کی ارواح کے ابدی سکون کیلئے دعا کی ۔ دورجے نے مقامی انتظامیہ کو حادثے میں زخمی ہوئے افراد کو ہر ممکن طبی امداد بہم رکھنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے زخمیوں کی فوری صحت یابی کی بھی تمنا کی ۔ یاد رہے کہ 20دسمبر کو شام7:35 پرمہور سب ڈویژن کے ارناس میں ایک زیر تعمیر مکان کے ڈیہہ جانے سے کم از کم 5افراد ہلاک جبکہ 8دیگر شدید زخمی ہوگئے تھے ۔ پناسہ نالہ کے قریب تھوب نامی گاؤں میں ابراہیم ولد عبدالغنی نامی شہری کا مکان تعمیر ہورہا تھاکہ وہ اچانک مہندم ہوگیا۔ اینٹوں، پتھروں اور لکڑی کے بھاری سلیپروں کی زد میں آکر کل 13افراد شدید طور زخمی ہوگئے تھے جن میں سے 5افراد زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ان کے شدید زخموں کے پیش نظر ریاسی ضلع اسپتال منتقل کیاگیا جہاں سے چار زخمیوں کو ان کی نازک حالت کے پیش نظر جموں میڈیکل کالج ریفر کر دیاگیا۔بتایاجاتاہے کہ یہ ایک کچا مکان تھا اور اس کی چھت ڈالی جارہی تھی حسب روایت بھاری تعداد میں مقامی نوجوان لکڑی اور مٹی کی بنی ہوئی چھت ہلہ چیری کے طور پر ڈالنے میں مصروف تھے کہ موسم خراب ہوگیا اور تیز بارش کے دوران رات7:35بجے کے قریب چھت یکبار منہدم ہوگئی جس کے نتیجہ میں یہ تمام نوجوان ملبے کے نیچے آگئے۔ ایس ایچ او ارناس انسپکٹر عاشق بخاری کی قیادت میں پولیس اور مقامی رضاکار وہاں پہنچے اور بچاؤ کارروائیاں شروع کر کے زخمیوں کو ملبے تلے سے باہر نکالاگیا لیکن 5افرادموقع پپر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر8افراد کوابتدائی مرہم پٹی کے بعد ریاسی اسپتال منتقل کیاگیا۔ ملبے میں مزید مزید افراد کے دبے ہونے کے خدشہ کے پیش نظر تیز بارش کے باوجود بچاؤ کارروائی رات دیر گئے تک جاری رہی اور اس اطمینان کے بعد کہ ملبے میں مزید کوئی بھی شخص نہیں ہے بچاؤ کارروائی بند کر دی گئی۔ مہولکین میں منظور احمد ولد محمد شفیع، عاشق علی ولد محمد وزیر، مظفر ولد ذاکر حسین، محمد غفور ولد سائیں، گلزار ولد سلام دین ساکنان نالہ پناسہ وغیرہ شامل تھے۔ جموں منتقل کئے گئے زخمیوں میں صدام ولد محمد حسین ، نذیر احمد ولد محمد قاسم، محمد مختیار ولد محمد علی اور ممتاز علی ولد زبیر شامل ہیں جبکہ ریاسی میں بشیر احمد ولد غلام قادر، محمد اکرم ولد ذاکر حسین، محمد شریف ولد خان محمد، شبیر احمد ولد علی محمد ساکنان تھوب زیر علاج ہیں۔دریں اثناء جمعرات کے روز جاں بحق ہوئے افراد کی تجہیز وتکفین عمل میں لائی گئی۔پورے علاقہ میں صف ماتم بچھا ہوا ہے۔ا س سانحہ پر متعدد سیاسی، سماجی شخصیات نے دکھ کا اظہار کیاہے۔