آسٹریلیا میں تیز رفتار گاڑی نے 19 راہ گیروں کو کچل دیا پولیس حکام کے مطابق ڈرائیور کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا

ایجنسیاں
سڈنی//آسٹریلیا کے دوسرے بڑے شہر میلبورن میں ایک تیز رفتار گاڑی راہگیروں پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں کم از کم 19 افراد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں سے کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس کے مقامی محکمے ‘وکٹوریہ سٹیٹ’ کے مطابق پولیس نے میلبورن کی مصروف شاہراہ پر راہ گیروں سے گاڑی ٹکرانے والے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جائے حادثہ پر طبی عملہ موجود ہے جو کہ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کررہا ہے۔آسٹریلوی نشریاتی ادارے سکائی نیوز آسٹریلیا کے مطابق ایک بچے کو بھی اس حادثے میں چوٹ آئی ہے اور اس کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ٹی وی نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ ایک سفید گاڑی سڑک کنارے پیدل چلنے والے ہجوم سے جا ٹکرائی۔ عینی شاہدین کے مطابق گاڑی میں دو افراد سوار تھے۔