اپوزیشن کے احتجاج کے درمیان اسمبلی میں یوپی ’کوکا‘سے متعلق بل پیش

لکھنؤ// اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود اسمبلی میں آج اترپردیش کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم بل 2017 کو حکومت نے ایوان میں پیش کر دیا۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے اس بل کو وقفہ صفر کے دوران ایوان کے ٹیبل پر رکھا۔ اسپیکر ہردینارائن دکشت نے اسے پیش کرنے کیلئے ایوان کی اجازت مانگی۔ حکمراں فریق نے بل پیش کرنے کے لیے ‘ہاں’ کہا جبکہ اپوزیشن اسے ٹیبل پر رکھنے کی مخالفت کرتا رہا۔اس بل کے اسمبلی میں منظور ہونے کا امکان ہے۔ لیکن قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) میں یہ ملتوی ہو سکتا ہے کیونکہ وہاں اپوزیشن ارکان کی تعداد حکمراں فریق سے زیادہ ہے۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ یہ مہاراشٹر کے مکوکا کی طرز پر بنایا گیا قانون ہے اور اس سے منظم جرائم میں کمی آئے گی۔ اپوزیشن کا الزام ہے کہ اس قانون کا وسیع پیمانے پر غلط استعمال ہونے کا امکان ہے۔