رہبر ِ تعلیم اساتذہ کی چیف ایجوکیشنل افسر سے ملاقات

اُڑان نیوز
پونچھ// رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کا پونچھ پریڈ پارک میں زیر صدارت سید شاہ نواز کاظمی ضلع صدر اور ریاستی سینئر نائب چیئرمین نجم الحسن جعفری منعقد ہوا جس ضلع بھر سے آئے ہوئے بڑی تعداد میں اساتذہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف مسائل پر بات کی گئی اور بالخصوص زیڈ آر پی سی آر پی پوسٹ پر تعینات اساتذہ کی بند تنخواہوں کا مسئلہ معلم اردو کی ڈگری کی پرمیشن مڈ ڈے میل کے بقایا جات کی واگزاری رہبر تعلیم کی تنخواہوں کی ادائیگی ٹائم بونڈ جیسے مختلف مسائل کو زیر غور لایا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زونل صدر سرنکوٹ محمد یوسف شاہ اور زونل صدر ساتھرہ سید نیاز کرمانی نے ریاستی سرکار سے اپیل کی کہ وہ زیڈ آر پی اور سی آر پی پوسٹوں پر تعینات اساتذہ کو نان پلان اسکیم میں منتقل کریں اور ان کی تنخواہوں کو فل فور واگزار کیا جائے۔ اس کے علاوہ ضلع صدر اور ریاستی سینئر نائب چیئرمین نے بھی ریاستی سرکار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ رہبر تعلیم ٹیچرز کے دیرینہ مسائل کا حل کریں اور اس طرح بغیر تنخواہوں کے اساتذہ کو بے یار و مددگار نہ چھوڑا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر ریاستی سرکار نے رہبر تعلیم کی تنخواہوں کو واگزار نہ کیا تو مجبوراً ان اساتذہ کو احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ آج پندرہ سال بعد اگر یہ کہ کر رہبر تعلیم ٹیچرز کی تنخواہوں کو روکا جا رہا ہے کہ ان کی کوئی پوسٹ ہی نہیں تو یہ ریاستی سرکار کے لیے شرمناک بات ہے۔شرکاء کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی صورت اساتذہ کی تذلیل برداشت نہیں کریں گے۔ بعد ازاں تمام اساتذہ ایک وفد کی صورت میں چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ سے ان کے دفتر میں ملاقی ہوئے اور اپنے تمام مسائل سے انھیں آگاہ کیا، سی ای او پونچھ نے اساتذہ کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ وفد میں شکیل قریشی، سجاد کرمانی، جاوید رضا میر، علی مرتضی، خورشید کاظمی، نصرت شاہ، محمد بشیر، خالد شاہ، عبدل قیوم، محمد رفیق، حضور دین، شریف چوہدری، ریحان شیزاد، عبدل وارث، سجاد شاہ فاروق چوہدری، گلزار احمد، جہانگیر خان، اعجاز شاہ، وغیرہ کے علاوہ بہت سارے اساتذہ نے شرکت کی۔