245

انڈین رہنما آپس میں فیصلہ کرلیں کہ پاکستان کا اصل یار کون ہے

بات اتنی پرانی نہیں ہے لیکن 24 گھنٹے چلنے والے میڈیا اور اس سے بھی زیادہ سپیڈ سے چلنے والے سوشل میڈیا نے ہمارے حافظے کمزور کر دیے ہیں۔اس لیے یاد دلاتے چلیں کہ ایک زمانہ تھا کہ پاکستان کے انتہائی اہل وزیراعظم نواز شریف ہوا کرتے تھے، وزیر خارجہ بھی خود ہی تھے۔ بھاری بھرکم مینڈیٹ ان کے پیچھے تھا۔
ایک دن خبر ملی کہ چھپن کی چھاتی والے وزیراعظم نریندر مودی ان کے گھر ایک تقریب میں پہنچ گئے۔ ساڑھیوں اور دوپٹوں کے تبادلے ہوئے۔ ایک شام کے لیے لگا کہ کچھ دعوت ڈپلومیسی جیسی چیز شروع ہونے جا رہی ہے۔
شام ابھی ڈھلی بھی نہیں تھی کہ ایک ٹی وی چینل پر ایک لاہوری رپورٹر نمودار ہوا۔ کانوں کو ہاتھ لگا کر اللہ سے معافی مانگتا جاتا تھا اور ہمیں بتاتا جاتا تھا کہ دیکھو اتنے ہندوستانی لاہور ایئرپورٹ پر اتر گئے۔ ان کو ویزے کس نے دیے، ان کا کسٹم کس نے کیا۔رپورٹر کی بےتابیاں اور اللہ میاں سے معافیاں دیکھ کر یوں لگا کہ جیسے ایک ملک کا وزیراعظم ہمسایہ ملک کے وزیراعظم کے گھر دعوت پر نہیں آیا بلکہ مریخ کی کسی مخلوق نے لاہور پر حملہ کر دیا ہے اور لاہور والوں کو سمجھ نہیں آ رہی کہ انھیں شاہی قلعے میں بند کر دیں یا فوڈ سٹریٹ کا چکر لگوا لائیں۔اس دن کے بعد سے ہمارے میڈیا میں، ہمارے دھرنوں میں اور ہمارے محب وطن تجزیوں میں نواز شریف کو مودی کا یاد ٹھہرایا جانے لگا۔ دیکھو نواز شریف کے خلاف جب بھی کوئی تحریک اٹھنے لگتی ہے، جب بھی کوئی کیس بننے لگتا ہے، مودی سرحد پر ایک نیا محاذ کھول دیتا ہے۔نواز شریف کو گھر پہنچانے کے لیے مودی کی یاری کے الزام کی ضرورت نہیں تھی اس کے لیے ان کے اپنے اکاؤنٹنٹ اور وکیل ہی کافی تھے۔مودی نے کبھی پیچھے مڑ کر بھی اپنے جاتی امرا کے میزبانوں کی طرف نہیں دیکھا اور پوری دنیا میں نئے یار بنانے چل پڑا۔ دنیا کا کون سا ایسا بڑا لیڈر ہے جو اس کی چھپن کی چھاتی والی جھپی میں نہیں کسمسایا۔کاش دنیا کے رہنماؤں نے منا بھائی ایم بی بی ایس دیکھی ہوتی تو انھیں سمجھ آتی کہ مودی جادو کی جھپی ڈال کر دنیا کے سارے مسئلے حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ادھر یہاں پاکستان میں نواز شریف پہلے لیڈر نہیں جن پر دشمن سے یاری کا الزام لگا ہو۔ بےنظیر بھٹو تو بچپن سے ہی سکیورٹی رسک تھیں۔ پختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں سے سارے قوم پرستوں کی ازل سے را پرورش کرتی رہی ہے۔ اب عمران خان کے ناقد بھی ان کے سابق سسرال کے ذریعے صیہونی رابطے تلاش کرتے ہیں۔ ہمارے مذہبی رہنماؤں پر بھی کبھی سعودی عرب تو کبھی ایران اور کبھی اپنے طالبان بھائیوں کا ایجنٹ ہونے کا الزام لگتا رہتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں