کرکٹ: روہت شرما کی ون ڈے کرکٹ میں تیسری ڈبل سنچری

انڈیا کے روہت شرما نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے میچ میں 208 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ایک روزہ کرکٹ میں اپنی ڈبل سنچریوں کی تعداد تین تک پہنچا دی ہے۔وہ دنیائے کرکٹ میں ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں ایک سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے واحد کھلاڑی ہیں۔بدھ کو چندی گڑھ میں کھیلے جانے والے میچ میں روہت نے 153 گیندوں پر 208 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس میراتھن اننگز میں انھوں نے 13 چوکے اور 12 چھکے لگائے۔
ان کی اس جارحانہ اننگز کی بدولت انڈین ٹیم اس میچ میں مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 392 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔اس میچ میں روہت نے آغاز میں بالکل جارحانہ انداز سے نہیں کھیلا اور ان کے پہلے 100 رنز 40ویں اوور میں 115 گیندیں کھیل کر ہی مکمل ہوئے۔ تاہم اس کے بعد جیسے سری لنکن بولروں کا سامنا ایک نئے روہت شرما سے تھا جنھوں نے اپنا انفرادی سکور 200 تک پہنچانے کے لیے مزید صرف 36 گیندیں کھیلیں۔اس اننگز کے دوران اپنی آخری 27 گیندوں میں روہت شرما نے 341 کے سٹرائیک ریٹ سے بلے بازی کی اور 11 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے اپنے سکور میں 92 رنز کا اضافہ کیا۔