مرکزی وزارت داخلہ ٹیم کا دورہ ریاست خوش آئند:دویندرانا

 

مرکزی وزارت داخلہ ٹیم کا دورہ ریاست خوش آئند:دویندرانا
جموں وکشمیر میںمرکزی رقومات کے تصرف میں بے ضابطگیاں،یونین سیکریٹریوں کی ٹیم سے خصوصی آڈٹ کرایاجائے
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//نیشنل کانفرنس صوبائی صدر دویندر سنگھ رانا نے مرکزی وزارت داخلہ حکومت ہند کی اعلیٰ سطحی ٹیم کے سرحدی علاقہ جات کے دورہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امیدظاہر کی ہے کہ ٹیم ریاست جموں وکشمیر میں بین الاقوامی سرحد اور حدمتارکہ پر رہنے والے لوگوں کی مشکلات ومسائل کو حل کرنے میں کوئی ٹھوس پیش رفت کرے گی۔ اسمبلی حلقہ نگروٹہ کی 9پنچایتوں کے یک روزہ دورہ کے دوران ورکروں سے میٹنگوں میں رانا نے کہاکہ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے حالیہ دورہ کے دوران سرحد پر رہنے والے لوگوں نے اپنی مشکلات ومسائل سے انہیں آگاہ کیاگیاتھا، جس کے رد عمل میں اعلیٰ سطحی وفد کا دورہ قابل ستائش ہے البتہ انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہتین برس گذر گئے لیکن سرحدوں پر رہنے والے لوگوں کو احساس تحفظ فراہم کرنے میں سرکار نے کچھ نہ کیا ۔اب اُمید ہے کہ بنکروں کی تعمیر، پناہ گاہیں، پانچ مرلہ اراضی کی الاٹمنٹ اور نوجوانوں کے لئے خصوصی بھرتی مہم اقدام کو معیاد بند طریقہ سے کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سرحدی علاقہ جات اپنے جانی ومالی تحفظ کے لئے عرصہ دارز سے مطالبہ کر رہے ہیں ،جس کو پورا کرنے کے لئے اسمبلی انتخابات2014کے دوران حکمراں جماعتوں نے وعدے بھی کئے تھے۔انہوں نے کہاکہ سرحد کے نزدیک رہنے والے لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے کے لئے انسانی رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ رانا نے یہ مطالبہ پر دوہرایا ہے کہ ایک اعلیٰ سطحی اختیاری یونین سیکریٹریوں کی ٹیم کو ریاست جموں وکشمیر بھیج کر مرکزی مالی معاونت والی سکیموں کے تحت فنڈز کے تصرف کا خصوصی آڈٹ کیاجائے اور اس بات کا پتہ لگایا جائے کہ کھربوں روپے کی رقومات کے باوجود ریاست میں تعمیر وترقی نہ ہونے کی وجہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسا کرنا بہت ضروری ہوگیا ہے کیونکہ پی ڈی پی۔ بی جے پی حکومت کے کام کاج سے لوگ بہت مایوس ہیں۔ انتظامی فقدان ہے۔تعمیرو ترقی کا عمل پچھلے تین سالوں سے ٹھنڈا پڑا ہے۔ وسیع ترعوامی مفادات کے حامل پروجیکٹ بھی تعطل کا شکار ہیں۔حکومت کی غلط پالیسیوں سے سماج کا ہر طبقہ متاثر ہے۔ حالیہ جموں بند حکومت کے ہرمحاذ پر ناکام رہنے کے خلاف عوامی غم وغصہ کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہاکہ زمینی سطح پر سرکار کہیں دکھائی نہیں دے رہی البتہ اخبارات اور ٹیلی ویژن کے ذریعہ لمبے چوڑے بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔ جموں لوگ خود کو مکمل طور نظرانداز کیاہوامحسوس کر رہے ہیں۔ دریں اثناءرانا نے سی ڈی ایف سے گورڈا سے لاسو سڑک کی تعمیر کے لئے 5 لاکھ روپے منظور کئے ساتھ ہی چھکر میں 25کے وی ٹرانسفارمر نصب کرنے کا بھی اعلان کیا۔