محکمہ صحت ملازمین نے مطالبات کے حق میں دھرنا دیا،طبی خدمات متاثر رہیں 25اکتوبرسے بلاک سطح پر سلسلہ وار بھوک ہڑتال کرنے کااعلان

الطاف حسین جنجوعہ
جموں//صحت محکمہ کے ملازمین کی ہڑتال سے صوبہ جموں خاص کر شہر جموںکے سرکاری اسپتالوں میں منگل کو معمول کا کام کاج متاثر رہا۔ ایکسرے، تھیڑ ٹیکنیشن، ڈرائیوروں، کلرکوں اور پیرا میڈیکس اور فی میل ملٹی پرپرز بھی ہڑتال پر تھے جس سے مریضوں وتیمارداروں کو حد درجہ مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔ صحت ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں جموں وکشمیر میڈیکل ایمپلائز فیڈریشن کے بینر تلے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں کی نظامت احاطہ میں موجود میڈیم ششی بالا میموریل پارک میں دھرنا دیا۔ فیڈریشن صدر سوشیل سدن کی قیادت میں منعقدہ اس دھرنے میں صوبہ بھر سے مختلف زمروں کے صحت وطبی ملازمین نے شرکت کی ۔ اس دوران فیڈریشن کے بلاک، ضلع اور صوبائی اکائیوں کے عہدادران نے اپنے مسائل ومشکلات ودیرینہ مطالبات کو اجاگر کیا۔ مقررین نے کہاکہ صحت محکمہ میں مختلف سطحوں پر اسامیاں خالی پڑی ہیں جنہیں پرکرنے کے لئے ڈی پی سی نہیں کی گئی۔ کم سے کم سروسز رولز کے مطابق سال میں دو مرتبہ ڈی پی سی ہونی چاہئے۔ محکمہ کے اندر ٹرانسفر پالیسی میں شفافیت لائی جائے اور چنیدہ چنیدہ کے انتخاب کا عمل بند ہونا چاہئے۔ ملازمین نے 25سال سیکریٹریٹ میں زیر التواایس آر او20میں ترمیم کرنے، ملکی سطح پر دیئے جانے والے فوائید اور مراعات جموں وکشمیر میں بھی اڈہاک اور کنٹریکچول ملازمین کو دینے،تمام میڈیکل ملازمین کو رسک الاؤنس دینے،دیہی اور قصبہ جات کے صحت اداروں میں منظور شدہ گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ کی ساری خالی آسامیاں پر کرنے، گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ سطح پر بائیو میٹریک حاضری کی عمل آوری،این ٹی پی ایچ سی، پی ایچ سی، سی ایچ سی، ایس ڈی ایچ اور ضلع اسپتالوں میں وافرمقدار میں بروقت ادویات کی سپلائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ سوشیل سدن نے بتایاکہ متفقہ طور فیصلہ لیاگیا ہے کہ کل یعنی25اکتوبر سے اپنے مطالبات کے حق میں صوبہ جموں میں بلاک سطح پر سلسلہ وار بھوک ہڑتال شروع کی جائے گی اور یہ سلسلہ بلاک بشناہ سے شروع ہوگا اور مطالبات پورے ہونے تک یہ عمل جاری رہے گا ۔فیڈریشن جنرل سیکریٹری ونود کمار شرما نے اس ہڑتالی پروگرام کو کامیاب بنانے پر ملازمین کا شکریہ ادا کیا۔ جموں وکشمیر لیبارٹری ٹیکنیشن ایمپلائز ایسوسی ایشن صدر چوہدری اسلم نے کہاکہ مختلف صحت ملازمین کی تنظیموں کی طرف سے بارہر مطالبات کو اجاگر کئے جانے کے باوجود حکومت نے کوئی توجہ نہ دی۔ مجبوراًانہیں اس پیمانے پر احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑا۔ فیڈریشن ضلع صدر رام بن محمد اختر ملک نے بھی معمول کے فراائض انجام دینے کے دوران صحت محکمہ کے ملازمین کو درپیش کو اجاگر کیا۔دھرنے سے بالیک ہیلتھ ایمپلائز ایسو سی ایشن صدر پون سنگھ،ایکس رے ٹیکنیشن ایمپلائز ایسو سی ایشن صدر ہرپال سنگھ، اوپتھالمک ٹیکنیشن ایمپلائز ایسو سی ایشن صدر آر کے کوتوال، فی میل ملٹی پرپرز ہیلتھ ورکرز ویلفیئر ایسو سیا یشن صدر نیلم کماری، تھیڑ ٹیکنیشن ایمپلائز ایسو سی ایشن صدر جسوندر سنگھ،ڈرائیور کلینر ایسو سیایشن صدر انوپ سنگھ، کلریکل ایسو سی ایشن صدر محمد سلیم، کلاس فورتھ ایمپلائز ایسو سی ایشن صدر کلراج بٹو کے علاوہ جموں وکشمیر میڈیکل ایمپلائز فیڈریشن ضلع صدر ریاسی عبدالحمید بٹ، ضلع صدر پونچھ اصغر علی، ضلع صدر کٹھوعہ نیرج ملاگر، ضلع صدرسانبہ کلدیپ ڈبگوترہ، فیڈریشن ضلع صدر کشتواڑ منصور ڈوبوال، ضلع صدر ڈوڈہ ہوشیار سنگھ، ضلع صدر اودھم پور دھیرج شرما اور جموں وکشمیر میڈیکل ایمپلائز فیڈریشن ضلع صدر راجوری فاروق مرزانے بھی خطاب کیا۔