تعمیر و ترقی کے لئے امن لازمی :الطاف بخاری وزیر نے ہادی پورہ سوپور میں ڈگری کالج کا سنگ بنیاد رکھا

اڑان نیوز
بارہمولہ//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کل ایم ایل اے رفیع آباد یاور دلاور میر کی موجود گی میں گورنمنٹ ڈگری کالج ہادی پورہ رفیع آبا د کی تعمیر کے سلسلے میں سنگ بنیاد رکھا۔اس ادارے کا پہلا مرحلہ 7.50کروڑروپے کی لاگت سے مکمل ہوگاجس سے جے اینڈ کے پولیس ہاوسنگ کارپوریشن انجام دے گی۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ یہ علاقہ کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا اور اس سے ریاست کے دیگر کالجوں کے طرز پر تعمیر کیا جائے گا۔انہوںنے طلاب کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ حکومت سرکاری اداروں میں بنیادی تعلیمی ڈھانچے کو استحکام دینے کے لئے وعدہ بند ہے۔تعمیر و ترقی کے لئے امن کا ماحول ضروری ہونا قرار دیتے ہوئے بخاری نے کہاکہ موجودہ حکومت نے وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں ریاست کے تمام حلقہ ہائے میں مساوی ترقی یقینی بنانے کے لئے تمام تراقدامات اٹھانے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔وزیر نے طلباءکی طرف سے پیش کئے گئے تمدنی پروگرام کو سراہا۔ ایم ایل اے رفیع آباد یاور دلاور میر نے اپنے خطاب میں وزیر کا شکریہ ادا کیا اور اپنے حلقہ انتخاب کےلئے مزید ترقیاتی اقدامات اٹھانے کی اپیل کی۔بعد میں وزیر نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول لاڈورہ رفیع آباد کی تعمیر کے سلسلے میںسنگ بنیاد رکھا جس پر 4.48کروڑ روپے صرف کئے جائیں گے۔اس موقعہ پر سابق وزیر دلاور میر ، ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر ناصر احمد نقاش ، ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر جی این ایتو و دیگر افسران موجود تھے۔