بانہال میں کشمیری مشاعرے کا انعقاد مقررین نے صوبہ جموں کے اسکولوں میں کشمیری مضمون کو شامل کرنے کا کیامطالبہ

دانش وانی
بانہال // ٹائون ہال بانہال میں عبدالرحیم اعما ء فاونڈیشن کی طرف سے ایک کشمیری مشا عرے کا انعقاد کیا گیا۔پروگرام کی صدارت سرکردہ ادیب و شاعر منشور بانہالی نے انجام دی جبکہ تحصیلدار شفیق احمد و سیاسی لیڈر سجاد شاہین علاوہ مشاعرے مقامی شعراء، طلباء اور عام لوگوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر شعراء نے مشاعرے کے دوران اپنے کلام پیش کیا ۔مشاعرے کے بعد مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ شخصیات کی ایک تاثراتی محفل بھی منعقد ہو ئی ۔مشاعرے کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے کیا گیا ۔مشاعرے میں جن شعرا ء نے اپنا کلام سنایا ان میں شمس الدین مجرور ،عاشق حسین عاشق ،علام نبی شاکر، غلام رسول جواد ، شوکت علی شیدا ،ساحل مسرت زبنی،بہار احمد بہار ،دلفگار بانہالی اور منشور بانہالی شامل تھے ۔اس موقع پر علم وادب اور فن سے دلچسپی رکھنے والے تمام سامعین نے علم وادب اور کشمیری زبان کے فروغ کی خاطر عبدالحمیداعما ء فاونڈیشن کی کوششوں کی بھرپور سراہنا کی ۔ مقررین نے حکومت سے اپیل کی کہ اگلے تعلیمی سال سے صوبہ جموں کے اسکولوں میں بھی وادی کے ا سکولوں کی طرح کشمیری مضمون پڑھائے جائیں تاکہ اس زبان کو مزید وسعت ملنے کے ساتھ ساتھ زندہ رکھا جا سکے ۔ اس موقع پر نظامت کے فرائض فاونڈیشن کے صدر ڈاکٹر خالد رسول نے انجام دیئے جبکہ بہار احمد بہار نے پروگرام میں شامل ہونے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔